نئی دہلی، 8 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ میں چمکی بخار سے بچوں کی موت کو لے کر دائر کی گئی درخواست پر جلد سماعت کی مانگ کی گئی ہے۔درخواست گزار نے پیر کو عدالت میں کہا کہ معاملے کی سماعت 10 دن کے بعد ہونی تھی لیکن ابھی تک معاملہ سماعت پر نہیں آیا ہے۔اس پر چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے کہا کہ ہم جلد ہی درخواست کو درج کریں گے۔دراصل بہار کے مظفر پور میں چمکی بخار سے بچوں کی موت کو لے کر سپریم کورٹ میں ایک پٹیشن داخل کی گئی ہے۔اس معاملے میں گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے بہار اور مودی حکومت سے جواب مانگ تھا،اومس بھرے موسم گرما کے بیچ مظفر پور اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں بچوں پر قہر بن کر ٹوٹنے والی بیماری چمکی بخار میں متاثرہ بچوں کی موت کا سلسلہ جاری ہے۔موسم کی تلخی اور ہوا میں نمی کی وجہ سے مشتبہ ایکیوٹ انسیفلاٹس سنڈروم (اے ای ایس) اور جاپانی انسیفلاٹس (جے ای) نامی بیماری سے 100 سے زیادہ بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ہر سال اس موسم میں مظفر پور اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں پھیلنے والی بیماری کا قہر جاری ہے۔اس دوران میں مبتلا بچوں کو مظفر پور کے شری کرشن میموریل کالج ہسپتال (ایس کے ایم سی ایچ) اورکجریوال زچگی ایوان (ہسپتال) میں بھرتی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔